منگلورو:2/اگست(ایس او نیوز)دکنش کنڑا کے نئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرکے جی جگدیش نے اپنا چارج سنبھالنے کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دکشن کنڑا ضلع میں ریت سپلائی کے متعلق مکمل جانکاری حاصل کرنے کے بعد مناسب کارروائی کریں گے۔
انہوں نے منگل کوکارگزار ڈی سی اور ضلع پنچایت سی ای اؤشری پی آئی ،ودیا سے چارج لیا پھر اخباری نمائندوں کے ذریعے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دئے۔ ایک اور پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ دکشن کنڑا ضلع کے ضلعی انتظامیہ کے متعلق مجھے ابھی مطالعہ کرنا ہے۔ ضلع میں غیرقانونی ریت سپلائی کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور برے اثرات کی سنگینی سمجھ میں آرہی ہے، آگے بتایا کہ دو ہفتہ میں ریت سپلائی کے متعلق حقائق کا پتہ لگا کرمناسب کاروائی کروں گا ۔ ایم آر پی ایل کے تیسرے مرحلے کو وسعت دینے اور زمین حصولیابی کے اقدام پر مقامی عوام کی مخالفت پرپوچھے گئے سوال پر انہوں نےبتایا کہ ترقی اور سماجی انصاف ساتھ ساتھ ہونا چاہئے، لیکن ترقی کبھی عوام کے لئے تکلیف دہ نہ بنے، اسی لئےاس تعلق سے متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعدوہ آگے کے اقدامات کریں گے۔ شہر کے مسائل کے سلسلے میں ضلع نگراں کار وزیر، مقامی انتظامیہ کے افسران اور عوامی نمائندوں سے گفتگو کرنےکے بعد جائزہ لےکر شہر ی ترقی کے معاوین اقدامات کئے جانے کی بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ دکشن کنڑا ضلع تعلیم اورصحت کے ساتھ ساتھ ڈیولپمنٹ میں بھی ایک قدم آگے ہے۔ ضلع کتنا بھی ترقی کرے ، لیکن مستقبل کے سوالات اور مسائل کا سامنا کرنے کے لئے ہمیں تیار رہنا ہے۔ ضلع کے متعلق پیشگی خیالات سے خالی لذہن ہو کرصرف اپنے فرائض کو انجام دینے یہاں آیا ہوں۔ عوامی نمائندوں ، مقامی انتظامیہ اور عوام کے تعاون سے ضلع کی ترقی کے لئے اور اسکو معاون بننے والے جتنے بھی کا م ہونگے ایسے فرائض کو انجام دینے کے لئے میں ہمیشہ تیاررہوں گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی کماربھی موجود تھے۔